بھٹکل 18 جولائی (ایس او نیوز) انڈین نوائط فورم (INF) نے ایسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلز (AMP) کے ساتھ مل کر بھٹکل میں 29 جولائی کو جوب فیئرمنعقد کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ اگلے دن یعنی 30 جولائی کو آئی این ایف کی طرف سے بزنس میٹ کا انعقاد ہوگا جس میں 25 لاکھ یا اس سے زائد سرمایہ لگا کر نیا بزنس شروع کرنے والوں کی رہنمائی کی جائے گی اور مکمل معلومات فراہم کی جائے گی۔
پریس کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئے آئی این ایف سیکرٹری معاذ جوکاکونے بتایا کہ اس فئیر کا مقصد ملازمت کے متلاشیوں اور کاروباری افراد کو قیمتی مواقع اور رابطے فراہم کرناہے انہوں نے بتایا کہ دونوں پروگرامس بھٹکل نیشنل ہائی وے پرواقع امینہ پیلس ہال میں منعقد ہوں گے۔
فئیر کے متعلق مزید معلومات فراہم کرتے ہوئے job فئیر کے کنوینرسید فیضان برماور نے بتایا کہ بھٹکل میں بہت سارے لوگ بیروزگار ہیں اور روزگار کی تلاش میں بھٹک رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ لوگوں کو بہتر روزگارملے اس کے لئے کمپنیوں کے نمائندے خود بھٹکل آکر اپنے لئے مناسب اُمیدواروں کا انتخاب کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ قریب پچاس کمپنیاں اس فئیر میں شریک ہوں گی جبکہ ہمیں توقع ہے کہ ہزار سے بھی زائد لوگ ملازمت کے لئے اپنے نام درج کرائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ Job Fair میں تمام فرقوں کے لوگ اپنے نام درج کراسکتے ہیں۔ بھٹکل کے ساتھ ساتھ پڑوسی علاقوں شرالی، مرڈیشور، شیرور، بیندور، منکی، ہوناور اور شراوتی بیلٹ کے لوگ بھی شریک ہوسکتے ہیں اور اس جوب فئیر سے فائدہ اُٹھاسکتے ہیں۔
اس فئیر میں جو کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں وہ مختلف شعبوں کی نمائندگی کرتی ہیں،جس میں ریٹیل بزنس، ہوسپیٹالٹی، ہیلتھ کئیر، منوفیکچرنگ، رئیل اسٹیٹ، انفارمیشن ٹیکنالوجی وغیرہ شامل ہیں۔ ملازمت کے متلاشی لوگوں کی بھرتی کو آسان بنانے کے لئے متعدد کاؤنٹرس قائم کیے جائیں گے۔ ینگ گریجویٹس، تجربہ کار اور پیشہ ور افراد، خلیج سے واپس آنے والے افراد کے ساتھ ساتھ ہنرمند اور نیم ہنرمند لوگ بھی حصہ لے کر اپنے لئے روزگارکے مواقع تلاش کرسکیں گے۔
انہوں نے امیدواروں سے درخواست کی کہ دلچسپی رکھنے والے امیدوار درج ذیل ویب سائٹ پراپنا نام آن لائن درج کرائیں: https://tinyurl.com/Bhatkaljobfair مزید بتایا کہ INF اور AMP کے نمائندوں سے بھی رابطہ کرکے اپنا نام درج کراسکتے ہیں۔ رابطہ کے لئے لنکا غفران احمد -9841093909 • سید حُسین شبیر: 9591089970 • انیس مُوراب: 8660299020 • فیضان برماور: 9880312537 سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
رجسٹرڈ امیدواروں کوفئیر سے ایک ہفتہ قبل منتظمین کی طرف سے اطلاع دی جائے گی جس کے بعد وہ اس فئیر میں شریک ہوسکے گا۔ ملازمت کے خواہشمندوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے بائیو ڈاٹا کی متعدد کاپیاں بنوائیں اور اپنی پاسپورٹ سائز فوٹو کے ساتھ فئیر میں شریک ہوجائیں۔ اس تعلق سے کسی کو مدد کی ضرورت ہو توجوب فئیر کے دوران ہیلپ ڈیسک کی خدمات بھی دستیاب ہوں گی۔
بزنس میٹ - اتوار، 30 جولائی، 2023: INF کے زیر اہتمام اگلے روز بزنس میٹ کا انعقاد کیا گیا ہے جس کا مقصد تاجروں اور سرمایہ کاروں کو کاروباری خیالات اور سرمایہ کاری کی تجاویز کی نمائش کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ یہ کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کے درمیان نیٹ ورکنگ اور تعاون کا موقع فراہم کرے گا۔ اپنے کاروبار کے لیے سرمایہ کاری کے خواہاں کاروباری افراد کو سرمایہ کار برادری کے سامنے اپنی تجاویز پیش کرنے کا موقع ملے گا۔ کاروبار اور سرمایہ کاری کی تجاویز پر پریزنٹیشنز نئے کاروباری مواقع، تنوع اور سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کرنے میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے دستیاب ہوں گی۔
بزنس میٹ تمام کاروباریوں، سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ کاروبار، انجینئرنگ اور مینجمنٹ کے طلباء کے لیے کھلا ر ہے گا۔ وہ کاروباری افراد جو اپنے آئیڈیاز پیش کرنا چاہتے ہیں اور سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں ان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے کاروبار کی مختصر تفصیل اور درکار تعاون inawayathforum@gmail.com پر ای میل کریں۔ منتظمین منتخب کاروباریوں کو مطلع کریں گے۔
پریس کانفرنس میں آئی این ایف صدر ایس ایم سید ارشد سمیت دیگرذمہ داران تنویرموٹیا، فیاض محتشم، غفران لنکا، عبدالمعید کاڈلی، نذیراحمد، انیس موراب وغیرہ بھی موجود تھے۔
خیال رہے کہ انڈین نوائط فورم بیرون بھٹکل ( مگراندرون ہند) کی آٹھ جماعتوں پر مشتمل ایک پلیٹ فارم ہے جس کا قیام پانچ سال قبل عمل میں آیا تھا۔ انڈین نوائط فورم کے تحت اپریل 2019 میں بھی بھٹکل میں روزگار میلہ کا کامیاب انعقاد کیا گیا تھا جس میں کم و بیش دیڑھ سو لوگوں کو ملازمت ملی تھیں۔